انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان: دس لاکھ مہاجروں کی خرطوم واپسی، آئی او ایم نے کی امدادی اپیل

خرطوم واپس آنے والے بیشتر لوگ یا تو تباہ شدہ گھروں میں رہائش پذیر ہیں یا اجتماعی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔
© UNICEF/Ahmed Mohamdeen Elfatih
خرطوم واپس آنے والے بیشتر لوگ یا تو تباہ شدہ گھروں میں رہائش پذیر ہیں یا اجتماعی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔

سوڈان: دس لاکھ مہاجروں کی خرطوم واپسی، آئی او ایم نے کی امدادی اپیل

مہاجرین اور پناہ گزین

بین الاقوامی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ سوڈان کی بحالی کے لیے مدد میں اضافہ کرے جہاں گزشتہ دس ماہ کے دوران صرف خرطوم میں ہی 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ملک میں انسانی حالات تاحال خراب ہیں۔

سوڈان کی صورتحال پر 'آئی او ایم' کی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت خرطوم سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی واپسی گزشتہ سال نومبر سے رواں سال ستمبر 2025 کے درمیان ہوئی۔ ادارے کی نائب ڈائریکٹر جنرل اوگوچی ڈینیئلز نے سوڈان کا دورہ کرنے کے بعد بتایا ہے کہ واپس آنے والوں کی ہمت قابل تعریف ہے مگر انہیں بڑے پیمانے پر مدد کی ضرورت ہو گی۔

Tweet URL

انہوں نے اطلاع دی ہے کہ سوڈان بھر میں ہیضہ، ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، جس کی وجہ سے صاف پانی، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی خدمات میں سرمایہ کاری کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

بنیادی خدمات تک محدود رسائی

اپریل 2023 میں خانہ جنگی شروع ہونے کے  بعد خرطوم سے 37 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ لوگوں نے نقل مکانی کی ہے۔ ادارے کا اندازہ ہے کہ سلامتی کی صورتحال اور انسانی حالات بہتر ہوں تو باقی 27 لاکھ لوگ بھی واپس آ سکتے ہیں۔

11 ماہ کی اس مدت میں مجموعی طور پر 26 لاکھ افراد اپنے آبائی علاقوں میں واپس لوٹے جن میں نصف تعداد بچوں پر مشتمل ہے۔ ان میں 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اندرون ملک بے گھر تھے جبکہ تقریباً پانچ لاکھ 24 ہزار نے بیرون ملک مصر، جنوبی سوڈان اور لیبیا سے واپسی اختیار کی ہے۔

'آئی او ایم' کے مطابق، واپس آنے والے بیشتر لوگ یا تو تباہ شدہ گھروں میں رہائش پذیر ہیں یا اجتماعی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں جہاں انہیں صاف پانی، صحت کی خدمات اور تحفظ کی سہولتوں تک محدود رسائی حاصل ہے۔

جنگ بندی کی اپیل

ادارہ اپنے شراکت داروں کے تعاون سے لوگوں کو ضروری مدد فراہم کرنے اور اس حوالے سے درست معلومات کے حصول کی کوشش کر رہا ہے تاکہ موثر طور سے مستقبل کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔

سوڈان کے دیگر حصوں بالخصوص ریاست شمالی ڈارفر کے مرکزی شہر الفاشر میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہے جہاں جنگ کے آغاز سے اب تک 10 لاکھ سے زیادہ لوگ نقل مکانی کر  چکے ہیں۔

'آئی او ایم' نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی اپیل کو دہراتے ہوئے متحارب فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بند کریں، لوگوں کی تکالیف کا خاتمہ کیا جائے اور ملکی عوام کی خاطر مسائل کا پرامن اور پائیدار حل نکالا جائے۔